اوپن مارکیٹ ریٹس

ہمیں فالو کریں

849,746FansLike
9,981FollowersFollow
562,100FollowersFollow
183,255SubscribersSubscribe

جب امیدیں ٹوٹتی ہیں تو۔۔

تصور ہی نہیں تھا کہ فٹ پاتھ پہ جو انسان بھوکا سوتا ہے اس کو باعزت کھانا کیسے بھلا مہیا کیا جا سکتا ہے۔ آپ ایک لمحہ سوچیے ، فٹ پاتھ پہ بیٹھا ایک شخص تین دن سے بھوکا ہو، لازماً چوتھے دن اس کے ذہن میں منفی خیال پنپنا شروع ہو جائیں گے۔ وہ یہ سوچنا شروع کر دے گا کہ جب اس معاشرے سے مجھے ایک وقت کا باعزت کھانا میسر نہیں ہے تو میں کیوں نہ اس معاشرے سے چھین کے لوں۔ سوچ کے زاویے بدلنا شروع ہو جاتے ہیں اور معاشرے میں جرائم پروان چڑھنا شروع ہو جاتے ہیں۔ معاشرہ تعمیر کے بجائے ہر گزرتے دن کے ساتھ ریخت کا شکار ہونا شروع ہو جاتا ہے ۔ ایسی صورت حال میں ایک جگہ میسر ہو جہاں کسی سے سوال نہ کیا جائے کہ تمہاری ذات کیا ہے، تمہارا پیشہ کیا ہے، تمہاری جیب میں کتنی رقم ہے اور تم آئے کہاں سے ہو، ان تمام سوالات سے مبرا بس اُس کو ایک مسکراہٹ کے ساتھ خوش آمدید کہا جائے اور یہ تک نہ پوچھا جائے کہ تم حقیقتاً بھوک کا شکار ہو بھی یا نہیں اور باعزت طریقے سے اُسے کھانا پیش کیا جائے، صاف ستھرا عملہ مستعدی سے خدمت پہ مامور ہو۔ ایک ایسے معاشرے میں جہاں صاف پانی قیمتی ہوتا جا رہا ہووہاں اُسے پینے کو صاف پانی میسر کیا جائے، تو آپ کا کیا خیال ہے معاشرے کی تعمیر میں یہ حصہ کم ہو گا؟ ہرگز نہیں۔آپ پاکستان کے حوالے سے ایک لمحہ تصور کیجیے۔ عام سا بخار کسی کو ہو جائے، جان کے لالے پڑ جاتے ہیں۔ ایک گلی کی نکڑ پہ بیٹھے عطائی ڈاکٹر کے پاس جانے اور اس سے علاج کروانے کے لیے آپ کی جیب میں کم از کم ہزار روپے ہونا لازم ہے ۔ دو بوتل میٹھا شربت، تین وقت کی گولیاں اورچند کیپسول یہ دوا حاصل کرنا بھی کئی سوچوں میں مبتلا کر دیتا ہے ۔ یہی وجہ ہےکہ ہم میں سے اکثریت پہلے اپنا معالج خود بننے کو ترجیح دیتے ہیں اور دیسی طریقوں سے خود کو نارمل کرنے کی ہر ممکن سعی کرتے ہیں، لیکن کوئی صورت نظر نہ آئے تو ڈاکٹر ، کلینک یا ہسپتال کا رخ کرتے ہیں۔اس دیس میں خوشحال لوگوں کو اپنی تمام جمع پونجی ہسپتالوں میں لٹاتے دیکھا ہے۔ جی ہاں لٹاتے، اس لیے کہ ایک انسان جب بیمار ہو تا ہےتو اس کے ساتھ اسکا پورا خاندان متاثر ہو جاتا ہے۔ آپ کو اکثر مثال کے طور پہ سننا میسر ہو گا کہ گھر کے برتن تک بک گئے. یہاں مثالیں موجود ہیں کہ علاج پہ گھر کا سامان بک گیا، ان بیاہیوں کے داج کا سب جمع کیا گیا ختم ہو گیا، زیور کی چند ٹنگاں بیچ دی گئی کہ کسی طرح ان کا مریض بچ جائے۔ شو مئی قسمت اگر وہ مریض بچ نہ پائے اور داعی ء لقمہ اَجل بن جائے تو آپ اگلے حالات کا تصور کیجیے کہ ناک اونچی رکھنے کے لیے ہمارے ہاں کیا کیا جتن کیے جاتے ہیں۔ مرنے والا مر جاتا ہے لیکن ناک اونچی رکھنے کے چکر میں لیے گئے قرضے نسلیں بھی ادا کرتی رہتی ہیں۔ذرا تصور کیجیے کہ ان حالات میں آپ کے خاندان کے فرد کو جان لیوا بیماری لاحق ہو جائے، جس کا خرچ لاکھوں میں ہو، کجا علاج، گھر میں کھانے کو میسر نہ ہو۔ آپ کو ایک امید کی کرن نظر آئے جو نہ صرف فوری علاج کے لیے ہاتھ تھام لے، بلکہ علاج کے بعد کے معاملات میں بھی آپ کی امیدوں سے زیادہ خیال رکھےاور واپسی کی توقع بھی نہ رکھے کہ یہ قرض نہیں بلکہ صرف مد د ہو، اور اس مدد کے حوالے سے آپ سے کوئی مفادوابستہ نہ کیا جائے، کوئی واپسی کا تقاضا نہ کیا جائے، تو آپ سوچیے ایسے ہزاروں مستفید ہونے والے افراد جو جان لیوا بیماریوں سے بچ کے معاشرے میں مثبت کردار ادا کر رہے ہیں ان کی سوچ آپ پڑھ سکتے ہیں؟تعلیم ہر ذی شعور کا بنیادی حق ہے۔ جس کی فراہمی صحت کی طرح ہی ریاست کے ذمے ہوتی ہے مہذب معاشروں میں۔ لیکن جس طرح صحت پاکستان میں فٹ پاتھ پہ ایک پٹھا لگائے بیچی جاتی ہے اسی طرح پاکستان میں تعلیم ایک خدمت کے بجائے منافع بخش کاروبار بن چکا ہے۔ آپ کو کوئی ملازمت نہ ملے ٹیوشن سینٹر یا سکول کھول لیجیے۔ کاروبار میں برکت پیدا ہوتی جائے گی۔ ایک دس سے بیس ہزار کے ملازم کے لیے تصور کیجیے کہ وہ ان بدیسی سکولوں، بڑی بڑی بلڈنگز میں بنے تعلیمی اداروں کے پاس سے گزرتا ہو گا تو اس کے دل میں اپنے بچوں کے لیے کیا خواہش جاگتی ہو گی؟ لیکن ایک لمحہ سوچیے کہ کیاان اداروں کی فیس ادا کرنا سفید پوش حضرات کے لیے بھی ممکن ہے؟اب ملاحظہ کیجیے، نونہالوں کے تعلیمی اخراجات کا ذمہ کوئی اُٹھائے، اور ان کے نوجوانی کی دہلیز پہ قدم رکھنے تک نہ صرف ساتھ دے بلکہ تعلیم کی تکمیل کے بعد معاشرے کا کا آمد شہری بن جانے پہ ان سے صلے کی اُمید بھی نہ رکھے تو ایسا رویہ کیا معاشرے کی فلاح میں کردار ادا نہیں کرئے گا؟ مانگنا ہمیشہ سے ایک ایسا عمل رہا ہے جس کا شرمندگی سے واسطہ رہا ہے کیوں کہ جس سے مانگا جائے وہ کسی نہ کسی موقع پر جتلاتا ضرور ہے ۔ لیکن کیا آپ نے کبھی کوئی ایسا دیکھا کہ جو جتلانا تو دور کی بات ، شرط ہی یہ رکھ دے کہ اس مدد کی تشہیر نہ ہو ؟ آج کل کے نفسا نفسی کے دور میں پہلی سوچ میں ایسا ہونا ممکن نظر آتا ہے؟ ہرگز نہیں۔اور ایک لمحہ رکیے، اگر یہ سارے کام جو حکومتِ وقت کے کرنے کے ہیں ان میں بہت بڑا کردار ایک شخصیت تنے تنہا ادا کر رہی ہو تو آپ کے ذہن میں پہلی سوچ کیا اُبھرے گی؟ یہی کہ یہ تو بہت نمایاں کارِ خیر ہے جو وہ کر رہا ہے۔ یقیناًایسا ہے۔ اور ایسا کرنے والی شخصیت یا ادارے کو حکومت وقت کس برتاؤ کا حقدار ٹھہرائے گی؟ یقیناآپ کا دل کہے گا نا کہ اُس کی نہ صرف مدد کی جائے گی بلکہ اُس کے تجربے سے فائدہ بھی اُٹھائے گی؟ جی یہ بات بھی اپنی جگہ مکمل درست ہے ۔ نہ صرف اس کو سہولیات فراہم کی جائیں گی، بلکہ اس کو ایک مثال کے طور پہ پیش کیا جائے گاکہ باقی مخیر حضرات بھی معاشرے کی تعمیر میں ایسے ہی اپنا حصہ ڈالیں۔بحریہ ٹاؤن سے ایسے ہی لاکھوں افرا دکی اُمیدیں جڑی ہیں، نہیں معلوم کتنے لوگ باعزت کھانا کھا رہے ہیں، کتنے لوگ آج اگر صحت مند ہیں تو خدا کی کرم نوازی کے بعد ان کی صحت یابی میں کردار بحریہ ٹاؤن کا ہے۔ کتنے ہی غریب ایسے ہیں جن کے بچے آج اگر اچھے سکولوں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں تو اس میں بحریہ ٹاؤن نے ان کا ہاتھ تھام رکھا ہے۔ کتنے ہی افراد ہیں جو نہ جانے کتنے دھکے کھانے کے بعد بحریہ ٹاؤن میں باعزت روزگار حاصل کیے ہوئے ہیں۔اس بات سے قطع نظر کہ بحریہ ٹاؤن کے ساتھ بطور ادارہ کیا رویہ کھا جاتا ہے، اس بات سے بھی غرض نہیں کہ بحریہ ٹاؤن قصور وار ہے یا نہیں، غلطی پہ یقینی طور پر بازپرس کیجیے، غلطی سدھارنے کا موقع فراہم کیجیے، معاملات میں سلجھاؤ کی سبیل نکالیے، کوتاہیوں پہ سرزنش بھی کیجیے، نہ غلطی کا دفاع نہ بطور ادارہ اس کے معاملات سے غرض کے مستقبل کیا ہوتا ہے۔ لیکن بس اتنا ہو کہ اُمیدوں کے چراغ نہ گل ہوں۔ کچھ ایسا ہو کہ بندھی اُمیدوں کی ڈور ٹوٹنے نہ پائے۔ نہ شخصیات اہم ہوتی ہیں نہ ذات لیکن اکثر ایسا ہوتا ہے کہ کچھ شخصیات کے ساتھ اُمیدیں جڑ جاتی ہیں کہ بہت کم اس معاشرے میں ایسا ہوتا ہے کہ بناء صلے کی اُمید کے کوئی آپ کا ساتھ دیتا ہے ۔ بحریہ ٹاؤن ایک ثانوی درجہ رکھتا ہے، اولین درجے پہ تو وہ روشن اُمیدیں ہیں جن کو لو پھڑپھڑا کے بجھا جانے کو تھی کہ اک آس نے ان کا ہاتھ تھام لیا۔ اور امیدوں کی پھڑپھڑاتی لو نے پھر سے خود کو توانا محسوس کرنا شروع کر دیا۔ جو بھی ہو، جیسا بھی ہو، جس طرح بھی ہو، اس سے غرض نہیں، بس خدا کرے اُمیدوں کے یہ چراغ نہ بجھ جائیں۔ ایسا ہوا تو اندھیروں سے بچ جانے والی کرنیں دوبارہ اندھیروں میں گم ہو جائیں گی۔