اوپن مارکیٹ ریٹس

ہمیں فالو کریں

849,530FansLike
9,981FollowersFollow
562,000FollowersFollow
183,255SubscribersSubscribe

ضلع خوشاب میں بلدیاتی اداروں کی مخصوص نشستوں کے انتخابات کیلئے انتخابی سرگرمیاں تیز ہو گئی

جوہرآباد(ڈسٹرکٹ رپورٹر)ضلع خوشاب میں بلدیاتی اداروں کی مخصوص نشستوں کے انتخابات کیلئے انتخابی سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں جبکہ بلدیاتی اداروں کی مخصوص نشستوں کے لئے اُمیدواروں کی نامزدگی لیگی عہدیداروں اور ارکانِ اسمبلی کیلئے نیا امتحان بن گئی ہے۔ مخصوص نشستوں کیلئے مسلم لیگ ن کا ٹکٹ لینے والوں کی تعداد زیادہ ہے جس کی وجہ سے مسلم لیگی عہدیداروں کو ٹکٹ لینے کیلئے دشواری کا سامنا کرنا پڑے گامسلم لیگی ذرائع کے مطابق پارٹی کی صوبائی قیادت ضلعی قائدین کی جانب سے نامزد کردہ اُمیدواروں کو ہی پارٹی ٹکٹ جاری کرے گی۔ جبکہ مسلم لیگ ن کے نو منتخب بلدیاتی نمائندگان پارٹی ڈسپلن کے تحت اُنھیں ووٹ دینے کے پابند ہونگے۔ یاد رہے کہ بلدیاتی انتخابات میں ضلع خوشاب میں مسلم لیگ ن واضح اکثریت سے کامیاب ہوئی تھی جس کی وجہ سے قوی امکان ہے کہ بلدیاتی اداروں کی سربراہی مسلم لیگی اُمیدواروں کے ہی حصہ میں آئے گی۔ مخصوص نشستوں کے انتخاب میں سب سے زیادہ دلچسپی اور انتخابی سرگرمیاں ضلع کونسل کی مخصوص نشستوں پر دکھائی دے رہی ہیں۔ ضلع کونسل خوشاب کیلئے خواتین کی 11 ‘ ٹیکنوکریٹ کی ایک ‘ یوتھ کی ایک‘ نان مسلم کی 2اور کسانوں کی 2مخصوص نشستیں بنائی گئی ہیں۔ اس طرح ضلع کونسل کی 17مخصوص نشستوں پر 48یونین کونسلوں کے نو منتخب چیئرمین اپنا ووٹ کا حق استعمال کریں گے۔ ضلع خوشاب کی 48یونین کونسلوں میں سے 12یونین کونسلوں میں پی ٹی آئی کے چیئرمین منتخب ہوئے تھے جبکہ 36یونین کونسلوں میں مسلم لیگ ن کے نامزد اُمیدوار اور آزاد اُمیدوار منتخب ہوئے تھے ‘ آزاد اُمیدوار جیتنے کے بعد مسلم لیگ ن میں شامل ہو گئے تھے۔ ضلع کونسل خوشاب کی سربراہی کیلئے اس وقت مسلم لیگ ن میں بظاہر چار اُمیدوار سامنے آئے ہیں جن میں سابق ایم پی اے ملک مختاراحمد اعوان ‘ ملک عمران بشیر اعوان‘ ملک امیر حیدر سنگھا اور ملک ہارون بندیال شامل ہیں۔ خواتین کی مخصوص نشستوں پر سابق وفاقی وزیر محترمہ سمیرا ملک کی طرف سے انتخاب لڑنے کے اعلان کے بعد قوی امکان ہے کہ وہ ضلع کونسل کی چیئرمین شپ کا انتخاب لڑیں گی۔ اگر اُنھوں نے خواتین کی مخصوص نشست پر انتخاب لڑا تو سابق ایم پی اے ملک مختار احمد اعوان ضلع کونسل کی چیئرمین شپ کے اُمیدوار کی حیثیت سے دستبردار ہو جائیں گے کیونکہ اُن کا تعلق محترمہ سمیرا ملک تعلق سے ہے۔ پی ٹی آئی کی طرف سے سابق ضلع ناظم ملک احسان اﷲ ٹوانہ کا نام ضلع کونسل کے چیئرمین شپ کے انتخاب کیلئے لیا جا رہا ہے‘ لیکن چونکہ مسلم لیگ ن کو ضلع کونسل میں واضح برتری حاصل ہے اسطرح ضلع کونسل کی سربراہی مسلم لیگ ن کے حصہ میں ہی آئے گی۔